وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ مسلح لشکر کشی سے مظفر آباد پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پر امن احتجاج اور لانگ مارچ حق ہے مگر مسلح لشکر کشی کے ذریعے مظفرآباد پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں شہداء کی قربانیوں میں تحریک کی آبیاری ہوئی ہے کسی کمیٹی کے مطالبے پر ضائع نہیں کیا جاسکتا۔
ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اس دفعہ اراکین کے حلف نامے سے پاکستان سے الحاق کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا تھا، انہیں ہر طرح کی پیشکش کی گئی مگر وہ ٹھکراتے رہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو بیرونی قوتوں کی فنڈنگ اور مدد حاصل ہے، ایکشن کمیٹی نے شروع میں مہاجرین نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔