• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دس روزہ جنگ بندی کی نئی تجویز پیش، ثالثوں کو جواب موصول

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران نے مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان اور قطر کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر اپنے جوابی ردعمل جمع کرا دیے ہیں۔دو ذرائع نے بتایا کہ قطر‘ مصر‘ پاکستان اور دیگر علاقائی ثالثوں نے امریکا اور ایران کو دس روزہ جنگ بندی کی ایک نئی تجویز پیش کی ہے۔اس نئی امن تجویز میں واشنگٹن اور تہران کو دوبارہ مذاکرات کے راستے پر لانے اور ان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کو بچانے کے لیے دو بنیادی شرائط شامل ہیں جن میں دشمنانہ کارروائیوں کا خاتمہ اور عالمی بحری نقل و حرکت کے لیے آبنائے ہرمز کا دوبارہ کھولا جانا شامل ہے۔اس تجویز میں آبنائے ہرمز میں دونوں راستوں کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کی بھی بات کی گئی ہے تاکہ عمان کے پانیوں سے گزرنے والا جنوبی راستہ ایرانی حملوں سے خالی ہو جبکہ ایرانی پانیوں سے گزرنے والا شمالی راستہ امریکی سمندری محاصرے سے آزاد ہو۔ایک باخبر ذریعے کے مطابق زیر غور آپشنز میں سے ایک یہ ہے کہ ایران کو سمندری سکیورٹی کی خدمات کے بدلے میں معقول سروس فیس وصول کرنے کی اجازت دی جائے جبکہ ذریعے نے اشارہ کیا کہ آبنائے ملاکا اس تجویز کے لیے ایک نمونہ ہے جہاں ملائیشیا، انڈونیشیا اور سنگاپور جامع فیس کے بجائے مخصوص خدمات کے بدلے جہازوں سے فیس وصول کرتے ہیں۔دوسری طرف ایک اور خیال یہ ہے کہ ان فیسوں کو ایک مشترکہ فنڈ میں جمع کیا جائے جو بین الاقوامی بحری تنظیم کی شراکت سے چلایا جائے۔

اہم خبریں سے مزید