وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایک ارب 56 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا عظیم پورہ فلائی اوور منصوبہ ریکارڈ 90 دن میں مکمل کیا گیا، جو بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
کراچی میں منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فلائی اوور کی تعمیر سے کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی اور ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ منصوبے کے ذریعے شاہراہ بھٹو سے شاہ فیصل کالونی اور شاہراہ فیصل تک براہِ راست رابطہ قائم ہو گیا ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ عظیم پورہ منصوبے کے تحت 700 میٹر طویل دو رویہ فلائی اوور تعمیر کیا گیا جبکہ منصوبے میں 1255 میٹر مرکزی سڑک اور اضافی رابطہ سڑکیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی توسیع، نکاسیٔ آب کے نظام میں بہتری اور جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے منصوبہ مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا، جو ایک قابلِ ذکر کامیابی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے پانی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو دریاؤں میں پانی کی صورتحال سے آگاہ کیا تھا، انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے پانی سے متعلق بعض اعداد و شمار کو غلط قرار دیا، جبکہ مجموعی طور پر 41 فیصد پانی کی کمی موجود تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت کے بجائے عالمی مالیاتی اداروں سے معاونت حاصل کی۔
مراد علی شاہ کے مطابق سکھر حیدرآباد موٹروے کے لیے وفاقی بجٹ میں رقم مختص کی گئی ہے اور وفاقی حکومت نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اس منصوبے پر آئندہ جنوری سے کام شروع ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا مرکز ہے، اس لیے شہر کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید بنانا ناگزیر ہے۔ سندھ حکومت کراچی کو ایک جدید، مؤثر اور فعال میٹروپولیٹن شہر بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور معیاری شہری انفراسٹرکچر میسر آ سکے۔