ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان کی ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، اسپین کے خلاف پاکستان کو پانچ ۔ ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، یہ پرو لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی مسلسل دسویں شکست ہے۔
بیلجئم میں جاری پرو لیگ کے مرحلے میں پاکستان کے خلاف اسپین شروع ہی سے حاوی رہا، پہلے کوارٹر میں نکولس الواریز نے گول کرکے اسپین کو برتری دلادی۔
دوسرے کوارٹر میں پیپ کنل نے سات منٹ کے فرق میں دو گول کرکے اسکور ہاف ٹائم پر تین ۔ صفر کردیا۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان کو کم بیک کا موقع اس وقت ملا جب ابوبکر محمود نے 43 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا لیکن اس کے بعد پاکستان خسارہ کم نہ کرسکا اور اسپین نے آخری کوارٹر میں مزید دو گول کرکے پانچ ۔ ایک کی اسکور لائن مکمل کی۔
یہ پرو لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی مسلسل 10 ویں شکست ہے، پاکستان ہاکی ٹیم اگلا میچ 18 جون کو بیلجئم کے خلاف کھیلے گی۔