• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹس میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں پی سی بی حکام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں کا 85 فیصد کنٹریکٹ کارکردگی کی بنیاد پر ہو گا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ڈیٹا کو شامل کر رہے ہیں، سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے میڈیکل فٹنس ضروری ہے۔

اگر کوئی نہیں کھیلے گا تو اس کے نتائج بھی سامنے آئیں گے: محسن نقوی

محسن نقوی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں سے اچھا فیڈ بیک ملا ہے، کھلاڑیوں کو مکمل بریف کیا گیا ہے، اب کوئی یہ نہیں کہے گا کہ اے نہیں ملی، بی نہیں ملی۔

ان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے پاس بہت کام کرنے کو ہے، ہم پابند کر رہے ہیں کہ پلیئر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں، اگر کوئی نہیں کھیلے گا تو اس کے نتائج بھی سامنے آئیں گے، ہم نے دستاویز میں ایک ایک چیز کو بڑی تفصیل سے ڈالا ہے۔

اب پلیئرز کو پتہ ہو گا کہ وہ کس فارمیٹ کیلئے ہیں: عاقب جاوید

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں کے سلیکشن کے عمل کو بہتر بنانا ہماری ترجیح رہی، پرانے کیٹیگری سسٹم کی جگہ 5 نئے فارمیٹ ٹریکس متعارف کروائے ہیں۔

عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میں ہم پیچھے رہ گئے ہیں، ٹیسٹ کو اہمیت دی گئی ہے، اب پلیئرز کو پتہ ہو گا کہ وہ کس فارمیٹ کے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے حساب سے کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، ہم نے 1 سال سے ڈومیسٹک میں اس سسٹم کو لاگو کیا ہوا ہے۔

عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ میں نے مانا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس میں بہتری کی ضرورت ہے، ہمیں بھی اعتراضات ہوتے تھے اس کو محسوس کرتے ہیں، ہم ایلیٹ لیول سے میڈیکل کا طریقہ کار شروع نہیں کر رہے۔

کرکٹ کا لینڈ اسکیپ تبدیل ہو چکا ہے: مائیک ہیسن

اس موقع پر وائٹ بال کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ کرکٹ کا لینڈ اسکیپ تبدیل ہو چکا ہے، تبدیل شدہ لینڈ اسکیپ کے مطابق یہ فریم ورک تیار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ متاثر کن دستاویز ہے، ٹیسٹ کرکٹ کو اہمیت دی گئی ہے، تاکہ پلیئرز فرسٹ کلاس کھیلیں اور اپنے پاتھ وے کو طے کریں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید