• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلچسپ مقابلے کے بعد فرانس سینیگال کے خلاف فاتح قرار

فیفا ورلڈ کپ کے سنسنی خیز میچ میں فرانس نے سینیگال کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرادیا۔

فرانس کی جانب سے 2 گول ایم باپے اور ایک گول بارکولا نے کیا جبکہ سینیگال کی جانب سے گول ابراہیم بایئے نے کیا۔

نیو جرسی میں فرانس اور سینیگال کے درمیان کھیلے گئے میچ کا پہلا ہاف دلچسپ رہا، ابتدا میں فرانسیسی ٹیم کو گول کرنے کے مواقع ملے مگر اُن کے اسٹار کھلاڑی ایم بپے اس موقع کا فائدہ نہ اُٹھاسکے۔

دوسری جانب سینیگال کی ٹیم نے اچھے دفاع کے ساتھ بہترین اٹیک بھی کئے لیکن وہ ان حملوں کو گول میں تبدیل نہیں کرسکے۔

وقفے پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا، دوسرے ہاف میں کھیل میں مزید تیزی دیکھنے میں آئی جس میں آخر کار فرانسیسی کھلاڑیوں کی محنت رنگ لائی اور 66 ویں منٹ میں ایم باپے نے ایک موو پر ٹیم کیلئے پہلا گول کردیا۔

82 ویں منٹ میں بریڈلے بارکولا نے گول کرکے ٹیم کی برتری دُگنی کردی، انجری ٹائم میں سینیگال کی جانب سے ابراہیم نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچا کر مقابلہ دو ایک کردیا۔

کھیل کے بالکل آخری لمحات میں ایک شاندار کک کے ذریعے ایم باپے نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کردیا، فرانس کی ٹیم تین ایک کی اسکور لائن کے ساتھ میدان سے فاتح بن کر نکلی۔

واضح رہے کہ رات 3 بجے عراق اور ناروے کے درمیان مقابلہ ہوگا، جبکہ ایونٹ میں دفاعی چیمپین ارجنٹینا، الجزائر کا سامنا کرے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بجے شروع ہوگا۔



کھیلوں کی خبریں سے مزید