• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کیخلاف اپیل کل سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف سے ملاقاتوں پر پابندی کے معاملے میں توہینِ عدالت کی اپیل پر سماعت سمیت بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان کی متفرق درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں بنچ کل کیس کی سماعت کرے گا۔

سلمان اکرم راجہ نے ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے ایس او پیز طے کیے جانے کے باوجود ان پر عمل درآمد نہیں کروایا گیا جس پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

عیدالاضحٰی سے قبل سلمان اکرم راجہ نے کیسز فکس ہونے کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات بھی کی تھی۔

ذرائع کے مطابق کیس فکسیشن پالیسی کے تحت سماعت کے لیے مقرر کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس جَلد فکس کرنے کی استدعا کی گئی تو توہینِ عدالت کے 69 مقدمات زیرِالتواء تھے۔

ذرائع کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کی ملاقاتوں سے متعلق توہینِ عدالت کی درخواست کا نمبر 61 پر تھا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ توہینِ عدالت کے 60 مقدمات فکس ہونے کے بعد پالیسی کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کا کیس سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید