فٹ بال ورلڈ کپ میں کینیڈا نے قطر کو چھ صفر کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تین قیمتی پوائنٹس کے ساتھ میگا ایونٹ کی تاریخ کی پہلی فتح بھی حاصل کرلی، جوناتھن ڈیوڈ نے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔
وینکور میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے قطر کو آؤٹ کلاس کردیا، میچ کے 78 فیصد حصے میں گیند کینیڈا کے کھلاڑیوں کے پاس رہی جس کا اُنہوں نے بھرپور فائدہ بھی اُٹھایا۔
میزبان ٹیم نے پہلے ہاف میں تین گول بنائے، ان کی جانب سے اسکورنگ کا آغاز 16ویں منٹ میں لارین نے کیا، 29 ویں اور پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں جوناتھن ڈیوڈ نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی، وقفے پر مقابلہ تین صفر سے کینیڈا کے حق میں تھا۔
دوسرے ہاف میں بھی زیادہ تر کھیل قطر کے ڈی میں ہوا، 64 ویں منٹ میں سلیبہ نے گول کیا، 75 ویں منٹ میں قطر کے کھلاڑی منائی کی اپنی ہی غلطی سے گیند اُن ہی کی ٹیم کے جال میں چلی گئی اور کینیڈا کا پانچواں گول ثابت ہوئی۔
کھیل کے دوسرے ہاف کے انجری ٹائم میں جوناتھن ڈیوڈ نے اپنی ہیٹ ٹرک اور کینیڈا کے لئے چھٹا گول اسکور کیا، میچ کا اختتام اسی اسکور پر ہوا۔
یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں کینیڈا کی پہلی فتح تھی جس کے ساتھ ہی اُنہوں نے تین قیمتی اور چار مجموعی پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی میں سوئٹرزلینڈ سے بہتر گول اوسط کی بنیاد پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔