پاکستان کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے حال ہی میں شوبز کی کمائی کو حرام قرار دینے پر ہونے والی تنقید پر ردِعمل دیتے ہوئے ناقد کو اپنے رویے پر غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
نعمان اعجاز اپنی بے باک رائے اور سماجی موضوعات پر گفتگو کے لیے جانے جاتے ہیں، انہوں نے ایک یوٹیوب ویڈیو میں اپنے دوست کی جانب سے بھیجا گیا ایک فکر انگیز پیغام شیئر کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی تخلیق میں بہت سی چیزوں کی پہچان فطری طور پر عطاء کی ہے، گرم چیز کو ہاتھ سے محسوس کر لیتا ہے، سخت چیز کو دانت، کڑوی چیز کو زبان اور خراب چیز کو ناک فوراً پہچان لیتی ہے، لیکن حلال اور حرام کی تمیز انسان کے اپنے ضمیر اور انتخاب پر چھوڑ دی گئی ہے۔
نعمان اعجاز نے سوال اٹھایا کہ کیا واقعی ہم حلال اور حرام میں فرق نہیں جانتے؟ اور اگر جانتے ہیں تو پھر حرام کاموں اور حرام روزی سے کیوں نہیں بچتے؟
اداکار کی اس بات کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا گیا، تاہم ایک صارف نے ان سے سوال کیا کہ کیا ان کی اپنی شوبز سے حاصل ہونے والی کمائی حلال ہے یا حرام؟
صارف نے لکھا کہ آپ کا کیا خیال ہے، آپ کا جو کام ہے، اس کی کمائی حلال ہے یا حرام؟
اس پر نعمان اعجاز نے مختصر مگر دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی سوچ ایک مخصوص قسم کی سوچ ہے، خوش رہیں بھائی اور کبھی اپنے اوپر بھی نظر ڈال لیا کریں۔
نعمان اعجاز کے اس جواب پر سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں، بعض صارفین نے اداکار کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پیشے کی حلت یا حرمت کا فیصلہ عمومی انداز میں نہیں کیا جا سکتا، جبکہ بعض افراد نے شوبز انڈسٹری سے متعلق مذہبی بحث کو دوبارہ چھیڑ دیا۔
یاد رہے کہ نعمان اعجاز پاکستان کے صفِ اوّل کے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔