• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیٹ پر لوگوں کو نماز پڑھتے دیکھا ہے، نشے کی حالت میں نہیں: زویا ناصر کا محسن عباس حیدر کے بیان پر ردعمل

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کے نشے میں سیٹ پر آنے والے فنکاروں کے دعوؤں پر ردِعمل دے دیا۔

زویا ناصر معروف مصنف ناصر ادیب کی بیٹی ہیں، حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر، فٹنس اور شوبز انڈسٹری سے متعلق مختلف موضوعات پر گفتگو کی ہے۔

دوسری جانب محسن عباس حیدر نے حال ہی میں شو میں انکشاف کیا تھا کہ متعدد بار ایسے اداکاروں اور اداکاراؤں کو دیکھا ہے جو منشیات یا الکوحل کے زیرِ اثر شوٹنگ کے لیے آئے، ایک فنکار تو اس قدر نشے میں تھا کہ آنکھوں کے تاثرات تک برقرار نہیں رکھ پا رہا تھا، میں نے اس معاملے پر پروڈیوسرز کو بھی آگاہ کیا تھا، جس کے بعد اس کی تحقیقات کی گئیں۔

تاہم زویا ناصر نے محسن عباس حیدر کے دعووں سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا ذاتی تجربہ ہو سکتا ہے، لیکن مجھے اپنے کیریئر میں ایسا کبھی دیکھنے کو نہیں ملا۔

زویا کے مطابق میرے ساتھ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی کو نشے کی حالت میں سیٹ پر آتے دیکھا ہو، اس کے بر عکس میں نے اکثر لوگوں کو شوٹنگ سیٹ پر نماز پڑھتے دیکھا ہے، اگر کوئی فنکار دیر سے آتا بھی ہے تو عموماً اس کی وجہ گزشتہ روز کی طویل شوٹنگ ہوتی ہے، نہ کہ کوئی اور مسئلہ۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ مجھے اپنے تمام پراجیکٹس کے دوران کام کا ماحول خوش گوار ملا اور میں نے کبھی کسی ساتھی فنکار کو نشے کی حالت میں کام کرتے نہیں دیکھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید