معروف پاکستانی اداکار، گلوکار اور لکھاری محسن عباس حیدر نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں بعض اداکار، اداکارائیں اور ہدایت کار نشے کی حالت میں شوٹنگ سیٹس پر آتے ہیں، ایسے افراد پر پابندی عائد ہونی چاہیے۔
حال ہی میں ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محسن عباس حیدر نے بتایا کہ میں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ نشے کی حالت میں سیٹ پر آنے والے فنکاروں اور ہدایت کاروں کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
محسن عباس حیدر کے مطابق میری پوسٹ سامنے آنے کے فوراً بعد پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے مجھے فون کیا گیا اور پوچھا گیا کہ آیا میں موجودہ پراجیکٹ کے کسی فنکار کے بارے میں بات کر رہا ہوں، میں نے اس بات کی تصدیق کی، جس پر پروڈکشن ٹیم نے معاملے کی تحقیقات کا یقین دلایا۔
اداکار نے کہا کہ صورتِ حال یہ تھی کہ ایک اداکارہ کی نظریں مجھ پر مرکوز ہی نہیں ہو رہی تھیں، میں اس سے بات کر رہا تھا لیکن اس کی توجہ کسی اور سمت تھی، ایسی چیزوں کی حوصلہ افزائی نہیں ہونی چاہیے جو معاشرے میں بگاڑ کا سبب بنیں۔
پروگرام کے دوران میزبان نے پوچھا کہ کیا انتظامیہ نے اس معاملے پر کوئی کارروائی کی؟ تو محسن عباس حیدر نے جواب دیا کہ معاملے کو سنجیدگی سے لیا گیا اور اس پر توجہ دی گئی۔