بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے واضح کیا ہے کہ 2027ء کے عالمی کپ کے لیے ٹیم کی منصوبہ بندی اور ممکنہ کھلاڑیوں سے متعلق مشاورتیں عوامی بحث کا حصہ نہیں بنائی جائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 39 سالہ روہت شرما اور 37 سالہ ویرات کوہلی اس وقت صرف ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں، دونوں سابق کپتانوں کی 2027ء کے عالمی کپ میں شمولیت پر مسلسل قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
اس حوالے سے حالیہ انٹرویو میں دیواجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ ٹیم سے متعلق تمام اسٹریٹجک فیصلے بند کمروں میں کیے جاتے ہیں اور انہیں میڈیا کے سامنے لانا مناسب نہیں۔
دیواجیت سائیکیا کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور دیگر متعلقہ حکام کے درمیان ٹیم کے مستقبل کے حوالے سے مسلسل مشاورت جاری رہتی ہے اور یہ ایک جاری رہنے والا عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسی اندرونی معلومات میڈیا کے سامنے ظاہر نہیں کر سکتے کیونکہ یہ مکمل طور پر اسٹریٹجک نوعیت کے فیصلے ہوتے ہیں جو بورڈ کی سطح پر ہی رہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اجیت اگرکر کی زیرِ قیادت سلیکشن کمیٹی بھی ان مباحث کا حصہ ہے تاہم کسی بھی کھلاڑی کے مستقبل پر حتمی بات کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔