• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایپسٹین فائلز میں این ہیتھاوے سے متعلق وائرل دعویٰ غلط ثابت

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

ہالی ووڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ این ہیتھاوے حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک وائرل دعوے کی زد میں آگئیں، تاہم نئے سامنے آنے والے دستاویزات نے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جیفری ایپسٹین سے متعلق مزید دستاویزات جاری کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ تیزی سے پھیل گیا کہ این ہیتھاوے کا نام بل گیٹس کے لیے ’انتہائی مطلوب مہمان‘ کے طور پر درج تھا۔

یہ دعویٰ مختصر وقت میں لاکھوں صارفین تک پہنچ گیا اور متعدد ویڈیوز اور پوسٹس میں اداکارہ کے نام کو ایپسٹین فائلز سے جوڑ کر پیش کیا گیا۔

تاہم دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ حقیقت اس سے مختلف ہے۔

رپورٹس کے مطابق این ہیتھاوے کا نام صرف ایک ای میل میں سامنے آیا جو 2013ء میں جیفری ایپسٹین نے بورس نکولک کو بھیجی تھی، جو ماضی میں بل گیٹس کے مشیر اور قریبی ساتھی رہ چکے ہیں۔

اس ای میل میں ایپسٹین نے بل گیٹس سے منسلک ایک فنڈ ریزنگ تقریب کے لیے چند معروف شخصیات کے نام بطور ممکنہ مہمان تجویز کیے تھے، جن میں این ہیتھاوے کا نام بھی شامل تھا۔

تاہم جاری کردہ دستاویزات میں ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ این ہیتھاوے سے رابطہ کیا گیا، انہیں باضابطہ دعوت دی گئی، وہ کسی تقریب میں شریک ہوئیں یا ان کا ایپسٹین کی سرگرمیوں سے کسی قسم کا تعلق تھا۔

اسی طرح دستاویزات میں کہیں بھی یہ الفاظ موجود نہیں کہ اداکارہ ’بل گیٹس کی انتہائی مطلوب مہمان‘ تھیں، جیسا کہ سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپسٹین سے متعلق دستاویزات میں کسی شخص کا نام آنے کا مطلب لازمی طور پر اس کی کسی غیر قانونی سرگرمی میں شمولیت نہیں ہوتا، ناموں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے سے غلط فہمیاں اور گمراہ کن اطلاعات پھیل سکتی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید