• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب ماں پاس نہ ہو تو زندگی بالکل مختلف ہو جاتی ہے: زاویار نعمان اعجاز

— تصویر سوشل میڈیا
— تصویر سوشل میڈیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار نعمان اعجاز کے بیٹے، ابھرتے ہوئے اداکار زاویار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ جب ماں پاس نہ ہو تو زندگی بالکل مختلف ہو جاتی ہے، ایسا لگتا ہے جیسے جنت مل گئی ہو، آپ شام تک آرام سے سوتے رہیں۔

 اداکار نے اپنی والدہ کی عدم موجودگی میں روزمرہ زندگی کے حوالے سے ایک دلچسپ اور مزاحیہ تبصرہ پیش کیا، جو مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

ان دنوں زاویار اپنے نئے ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ اداکارہ صاحبہ افضل اور ان کے والد، سینئر اداکار نعمان اعجاز بھی شامل ہیں۔


مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مذکورہ ڈرامے کے سیٹ کی زاویار نعمان اعجاز کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔

شوٹنگ کے دوران ایک دلچسپ گفتگو میں صاحبہ افضل نے کہا کہ زاویار کو دیکھ کر مجھے اپنے بیٹوں کی یاد آ جاتی ہے، انہیں صبح جگانا ایک مشکل کام ہوتا ہے، صرف میں جانتی ہوں کہ انہیں کیسے اٹھاتی ہوں، تو میں سوچتی ہوں کہ زاویار کو صبح کیسے جگایا جاتا ہو گا؟

اس پر زاویار نعمان اعجاز نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ بالکل، ان دنوں امی یہاں نہیں ہوتیں، اسی لیے میں دیر تک سوتا رہتا ہوں، اگر شوٹنگ کے لیے نہ اٹھنا ہو تو شاید میں مسلسل سوتا ہی رہوں، جب ماں پاس نہ ہو تو زندگی بالکل مختلف ہو جاتی ہے، ایسا لگتا ہے جیسے جنت مل گئی ہو، آپ شام تک آرام سے سوتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب امی گھر پر ہوتی ہیں تو فوراً کہتیں ہیں کہ یہ سستی ہے، اُٹھو بستر سے باہر نکلو پھر پردے کھول دیتی ہیں، اے سی بند کر دیتی ہیں اور کمرے کا دروازہ کھلا چھوڑ دیتی ہیں، اس کے بعد اٹھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہتا تھا۔

زاویار کے اس ہلکے پھلکے اور مزاحیہ تبصرے نے سوشل میڈیا صارفین کو محظوظ کیا، جبکہ کئی مداحوں نے اسے ماؤں کی اہمیت اور ان کی روزمرہ زندگی میں موجودگی کی خوبصورت عکاسی قرار دیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید