وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ مالکان کی اجازت کے بغیر کسی بھی نجی املاک پر کوئی ٹاور نصب نہیں کیا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ترمیمی بل پر اٹھائے گئے اعتراضات پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ بل متنازع نہیں ہے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بل کی چند شقوں پر اعتراضات سامنے آئے ہیں، جن پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بل پر اٹھائے گئے اعتراضات جمہوری عمل کا حصّہ ہیں اور ان تمام تحفظات کو جلد ہی دور کر دیا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ قانون نے مزید کہا کہ بل کی چند شقوں میں جو ابہام ہے، اس پر گفتگو کی ہے، اس میں اب مزید وضاحت شامل کر دی جائے گی تاکہ کسی قسم کا کوئی مزید ابہام باقی نہ رہے۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کسی بھی شہری کی جائیداد متاثر نہیں ہو گی، مالکان کی اجازت کے بغیر نجی املاک پر نہ تو کوئی ٹاور نصب کیا جائے گا اور نہ ہی ٹیلی کام کمپنیوں کو کسی قسم کی سرگرمی کی اجازت ہو گی۔