پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ جمہوریت کے دعویدار بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا۔
اپنے بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار اقلیتوں کے بنیادی حقوق سلب کر رہی ہے، اقوام متحدہ کی جانب سے بھارتی حکومت سے وضاحت طلب کیا جانا انتخابی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹر فہرستوں سے لاکھوں نام حذف کیے جانے کے الزامات کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ مذہب اور شناخت کی بنیاد پر کسی بھی شہری کو انتخابی عمل سے باہر کرنا جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ بھارت کو انتخابی عمل سے متعلق تمام خدشات دور کرنے اور دنیا کے سامنے حقائق واضح کرنے چاہئیں۔