نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کی جانب سے فیڈرل گرانٹس فراہم کی جائے گی، فیڈرل گرانٹس فراہمی پر صوبوں کا کردار لائق تحسین ہے، دفاع سمیت اہم معاملات کے لیے یہ رقم خرچ کی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان واحد ملک تھا جس نے سب سے پہلے ایران پر حملے کی مذمت کی، پاکستان نے کشیدگی میں کمی کے لیے متحرک کردار ادا کیا، وزیرِ اعظم بھی اپنے ہم منصبوں سے رابطے میں رہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان کی کوششوں سے عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی، 47 سال بعد ایران امریکا براہِ راست مذاکرات ہوئے، پاکستان نے امریکا ایران کے درمیان بطور ثالت کا کردار ادا کیا، ہماری کوشش تھی کہ اسلام آباد میں ہی معاملات طے پا جائیں۔
نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ 28 فروری کے بعد 52 ممالک کے ہم منصبوں سے رابطے کیے، پاکستان کو دنیا بھر میں آج پیس میکر ملک قرار دیا جارہا ہے، جنگ بندی کے بعد سے تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں، جب آبنائے ہرمز کو بند کیا گیا تو حکومت نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو سبسڈی دی تھی۔