پاکستان کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں 9 محرم کے جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گیا جو اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کے ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں امام بارگاہ قصرِ بتول شادمان سے نکلنے والا شبیہہ ذوالجناح کا جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد موجود ہے، جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے وفاقی دارالحکومت میں امام بار گاہ اثنا عشری کا دورہ کیا، وہاں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، جلوس کے تمام روٹس کا معائنہ بھی کیا۔
آئی جی اسلام آباد نے تمام پولیس یونٹس کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی۔
آئی جی اسلام آباد نے امام بارگاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس اسلام آباد سے برآمد ہوتا ہے، جلوس کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں، 16 ہزار کے قریب اہلکار ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور آرمی کو لگایا گیا ہے، 5 لیئرز میں سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، روٹس کے راستوں میں کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے گئے ہیں، کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔