امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ایسی تصویر شیئر کی ہے جس نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بظاہر مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ایک تصویر پوسٹ کی ہے، جس میں انہیں امریکی پرچم اوڑھے ایک گھٹنے پر بیٹھے ہوئے اور پوری دنیا کو اپنے کندھوں پر اٹھائے دکھایا گیا ہے۔
یہ تصویر یونانی دیومالا کے کردار اٹلس (Atlas) کی یاد دلاتی ہے، جسے روایات کے مطابق آسمانی کرہ اپنے کندھوں پر اٹھانے کی سزا دی گئی تھی، جبکہ بعد کی معروف تصاویر میں اسے زمین اٹھائے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔
ٹرمپ نے تصویر کے ساتھ کوئی وضاحتی کیپشن تحریر نہیں کیا، تاہم مبصرین کے مطابق اس سے یہ تاثر دیا گیا ہے کہ وہ خود کو دنیا کا بوجھ اٹھانے والی شخصیت کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں۔
اسی روز ٹرمپ نے ایک اور تصویر بھی شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی 20 سالہ عمر کی تصویر کا موازنہ سابق امریکی صدر بارک اوباما کی 18 سالہ عمر کی تصویر سے کیا۔
ٹرمپ نے اپنی فوجی طرز کی یونیفارم میں لی گئی تصویر شیئر کی، جبکہ اوباما کی وہ تصویر استعمال کی جس میں وہ کالج کے زمانے میں دکھائی دیتے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹرمپ نے خود کو غیر معمولی یا علامتی انداز میں پیش کرنے والی تصویر شیئر کی ہو، اس سے قبل بھی انہوں نے ایک AI تصویر پوسٹ کی تھی جس میں انہیں حضرت عیسیٰ ؑ کی طرز پر ایک بیمار شخص کو شفا دیتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جس پر شدید تنقید ہوئی تھی۔
اس تصویر پر بعض ریپبلکن رہنماؤں اور مسیحی حلقوں نے بھی اعتراض کیا تھا۔
بعد ازاں ٹرمپ نے متنازع تصویر حذف کرتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ میرا مقصد خود کو حضرت عیسیٰ ؑ سے تشبیہ دینا نہیں تھا بلکہ خود کو ایک ایسے ڈاکٹر کے طور پر دکھانا چاہتا تھا جو لوگوں کی زندگی بہتر بناتا ہے، میں لوگوں کو بہتر بناتا ہوں، بہت سے لوگوں کو بہتر بناتا ہوں۔