پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی نے کرکٹرز کی میچ فیس میں اضافے کی منظوری دے دی۔
محسن نقوی کی زیرِ صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا، جس میں نئے مالی سال 27-2026ء کے سر پلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پی ایس ایل کے 12 ویں ایڈیشن کے بجٹ اور پی ایس ایل کو انتظامی و مالیاتی طور پر خود مختار بنانے کی منظوری دی گئی جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں 1 ارب روپے کا اضافہ کر کے اسے 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی، قائدِ اعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے اور ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ویمنز ون ڈے اور ٹی 20 ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے، مزید 12 گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے اور ہیومن ریسورس کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں نیشنل اسٹیڈیم اور دیگر انفرااسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں بائیو میکینس مشین لگانے کے لیے فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی اور بورڈ آف گورنرز کی گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔