پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ قائم کر دیا۔
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور وزارتِ خزانہ نے تمام متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فنڈ کے لیے سرکاری اکاؤنٹ مختص کر دیا گیا ہے۔
آڈیٹر جنرل پاکستان، کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان ریونیو کو آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختون خوا اور بلوچستان کے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
صوبائی حکومتوں کو بھی فنڈ کی وصولی سے متعلق ضروری انتظامات مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فنڈ میں جمع تمام رقوم وفاقی حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل ہوں گی، فنڈ کے لیے خصوصی اکاؤنٹ ہیڈ اور آبجیکٹ کوڈ مختص کر دیا گیا ہے۔
فنڈ کے قواعد و ضوابط وزارتِ خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا مشترکہ طور پر تیار کریں گے جبکہ پیٹرولیم قیمتوں میں استحکام کے لیے قانونی اور مالیاتی طریقہ کار الگ سے منظور کیا جائے گا۔