• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وینزویلا سے واپس آنے والی بھارتی ملاح کی لاش سے تمام اندرونی اعضاء غائب، اہلخانہ کا الزام

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 33 سالہ بھارتی ملاح راکیش چوہان کی وینزویلا میں پراسرار موت کے بعد ملک واپس بھیجی گئی لاش سے دماغ، دل، پھیپھڑوں سمیت تمام اہم اندرونی اعضا غائب ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملاح راکیش چوہان کے جسم سے متعدد اعضاء کے غائب ہونے کے انکشاف کے بعد اس کے اہلِ خانہ اور بھارتی ملاحوں کی تنظیم نے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی ملاحوں کی فیڈریشن کے مطابق لاش کسی پوسٹ مارٹم رپورٹ یا وینزویلا کے حکام کی تفصیلات کے بغیر بھارت بھیجی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سرکاری حکم پر ملاح کا بھارت میں دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا جس میں معلوم ہوا کہ لاش سے دماغ، دل، دونوں پھیپھڑے، جگر، گردے، معدہ، آنتیں، تلی اور دیگر تمام اہم اعضاء غائب ہیں جبکہ موت کی وجہ بھی معلوم نہیں ہو سکی۔

ملاح کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ راکیش چوہان 2025 میں ایک تجارتی جہاز پر ملازمت کے لیے وینزویلا گیا تھا، کمپنی نے پہلے بتایا کہ وہ جہاز پر گر کر زخمی ہوا ہے جبکہ بعد میں اس کی موت کی اطلاع دے دی گئی۔

خاندان کے مطابق لاش ایک ہفتے میں واپس بھیجنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن تقریباً 1 ماہ بعد لاش بھارت بھیجی گئی۔

ملاحوں کی تنظیم نے الزام لگایا ہے کہ معاملے میں شفافیت کا فقدان ہے اور وینزویلا کے حکام نے نہ تو پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم کی اور نہ ہی موت کی وجوہات سے متعلق کوئی وضاحت دی ہے۔

تنظیم نے بھارتی حکومت سے مکمل تحقیقات، ذمہ داروں کے تعین اور متاثرہ خاندان کو انصاف اور معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید