بھارتی شہر نوئیڈا کی 27 سالہ خاتون سچریتا ساہا نے اپنے شوہر ہرویندر چوہان پر شادی کے اگلے ہی دن سے تشدد، گالم گلوچ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر مقدمہ دائر کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ 4 مئی کو دونوں ہنی مون کے لیے گئے تھے جہاں 9 مئی کو شوہر نے مبینہ طور پر ہوٹل کی سیڑھیوں سے دھکا دے دیا جس سے میرے گھٹنوں، سر اور کمر پر شدید چوٹیں آئیں۔
خاتون نے پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ 10 مئی کو نوئیڈا واپس آنے کے بعد جب میں نے پولیس سے شکایت کرنے کی بات کی تو شوہر نے موبائل فون توڑ دیا، مجھے لاتیں، مکے اور تھپڑ مارے اور پولیس کے پاس جانے پر جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بعد ازاں ملزم اپنے والدین کے گھر دہلی چلا گیا جبکہ خاتون نے شوہر کی غیر موجودگی میں 28 مئی کو اس پر مقدمہ درج کروا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے شوہر کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔