وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے کہ بزرگ، خواتین اور خصوصی افراد سمیت ضلع جہلم کے 600 سے زائد مستحق شہریوں کو اپنی زمین اپنا گھر پروگرام کے تحت الاٹمنٹ لیٹرز مل چکے ہیں۔
جہلم میں تقریب سے خطاب کے دوران بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف عوام کو اپنی چھت اپنا گھر دینے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق کی سطح پر 'پرائم منسٹر اپنا گھر' کی رعایتی قرض اسکیم شروع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب کے ہزاروں خاندانوں کو گھر فراہم کر چکی ہیں۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے کہ 5 فیصد کی کم ترین شرح پر 1 کروڑ روپے تک کا قرض بینکوں کے ذریعے دیا جا رہا ہے، ضلع جہلم میں آفیشل آن لائن پورٹل کے ذریعے کل 5,942 درخواستیں موصول ہوئیں، نادرا کی تصدیق کے بعد 4,303 درخواست گزاروں کو سکیم کے لیے اہل قرار دیا گیا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ محکمہ مال کی جانچ پڑتال کے بعد شفاف کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 730 درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دیا گیا، بزرگ، خواتین، خصوصی افراد سمیت ضلع جہلم کے 600 سے زائد مستحق شہریوں کو الاٹمنٹ لیٹرز مل چکے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اسکیم کے تحت گھروں کی تعمیر میں مزید مالی مدد کے لئے الاٹیز 15 لاکھ روپے کا بلا سود قرض حاصل کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر الاٹیز نے وزیر اعلی مریم نواز شریف اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کیا