نو منتخب وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے۔
وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے تقریبِ حلف سے خطاب میں کہا کہ 7 جون کو گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن 2026ء میں نوجوانوں اور خواتین کا بہت بڑا کردار ہے، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو حلقوں میں کامیابی حاصل ہوئی، میں ان کا شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے پیپلزپارٹی کو الیکشن میں 100فیصد نتیجہ دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عوام نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا، عوام نے پیپلزپارٹی کو بھاری مینڈیٹ دے کر بڑی ذمہ داریاں دی ہیں، یہ رشتہ نیا نہیں، تین نسلوں کا رشتہ ہے۔
امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ مرکز میں پیپلزپارٹی کی حکومت نہ ہونے کے باوجود عوام نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا، میں اپنی قیادت کا شکر گزار ہوں، لیگی قیادت کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے پیپلزپارٹی کو حکومت بنانے کا موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ دیامر میں پہلی بار پیپلزپارٹی کو بھاری مینڈیٹ ملا، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، ہمیں یہاں دنیا کے لیے زمینی اور ہوائی سفر کی سہولتیں دینی ہوگی، ہمارے پاس جو موسم ہے وہ شاید دنیا میں کہیں نہیں ہے۔
وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ ہم تمام سیکٹرز میں ریفارم کریں گے،گلگت بلتستان کو پاکستان کا ماڈل صوبہ بنائیں گے، ہمارا بجٹ 258 ارب کا بنتا ہے جو وفاق نے ہمیں ہر صورت دینا ہے، نوجوانوں نے اپنی امید کے لیے ووٹ دیا ہے، ان کی امید کسی طور نہ توڑی جائے، میری ماوں بہنوں نے جس طرح سیاسی عمل میں خود کو شامل کیا انہیں بھی دیکھنا ہوگا۔
تقریب سے قبل بلاول بھٹو زرداری یادگارِ شہداء پہنچے اور فاتحہ خوانی کی۔