پاکستانی معروف اداکار آغا علی نے نجی زندگی اور شادی سے متعلق خبروں کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک وقت تھا جب مجھے اپنی ذاتی زندگی اور تعلقات پر ہونے والے عوامی تبصرے بالکل پسند نہیں تھے، میں اب کبھی اپنی ذاتی زندگی یا تعلقات کو سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کروں گا۔
حال ہی میں آغا علی نے نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں شرکت کی، پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی نجی زندگی، تعلقات کو عوامی نہ بنانے کی وجہ اور شادی کے اعلان سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ذاتی تعلقات کو عوامی کرنے کے خلاف ہوں کیونکہ ایسے تعلق میں صرف آپ نہیں بلکہ ایک اور شخص بھی شامل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری رائے میں شادی سے پہلے اس نوعیت کی باتیں عوام کے ساتھ شیئر نہیں کرنی چاہئیں، البتہ جب نکاح ہو جائے تو اس کا باقاعدہ اعلان کرنا چاہیے، کیونکہ نکاح اللّٰہ تعالیٰ کے حضور قائم ہونے والا ایک مقدس رشتہ ہے، میں اپنی شادی کا اعلان فخر کے ساتھ کروں گا لیکن اپنے تعلقات کو عوامی نہیں بناؤں گا۔
اداکار نے کہا کہ آج کل لوگوں کے پاس سوشل میڈیا پر 2 افراد کے تعلقات پر تبصرے اور تنقید کرنے کے سوا شاید کوئی اور کام نہیں، کچھ لوگ اپنے تعلقات کو منظرِ عام پر لانے میں خود کو مطمئن محسوس کرتے ہیں لیکن میں ایسا نہیں ہوں۔
واضح رہے کہ آغا علی ماضی میں اداکارہ سارہ خان کے ساتھ اپنے تعلق کی وجہ سے خبروں میں رہے تھے، جس کا تذکرہ آج بھی سوشل میڈیا پر کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ ان کی طلاق بھی اب تک میڈیا اور سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہتی ہے، جبکہ آغا علی متعدد مواقع پر یہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ اپنی ماضی کی ذاتی زندگی اور تعلقات پر ہونے والی عوامی گفتگو کو پسند نہیں کرتے۔