برطانیہ کی سیاسی جماعت ریفارم یو کے (Reform UK) کے رہنما نائجل فراج پر ایک بار پھر مالی شفافیت سے متعلق سوالات اٹھ گئے۔
پارٹی کے سینئر رہنما رابرٹ جینرک نے تصدیق کی ہے کہ فراج نے کرپٹو کاروباری شخصیت جارج کاٹریل سے عملہ، نجی سیکیورٹی اور رہائش جیسی سہولیات حاصل کی تھیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ تمام سہولیات اس وقت فراہم کی گئیں جب فراج رکنِ پارلیمنٹ نہیں تھے، اس لیے انہیں پارلیمانی قواعد کے تحت ظاہر کرنا لازم نہیں تھا۔
رپورٹس کے مطابق جارج کاٹریل ماضی میں امریکا میں وائر فراڈ کے جرم میں سزا یافتہ رہ چکے ہیں، انہوں نے فراج کے سوشل میڈیا عملے کے اخراجات برداشت کیے، انہیں بکنگھم پیلس کے قریب اپنی رہائش گاہ استعمال کرنے کی اجازت دی اور کئی برس تک ان کی نجی سیکیورٹی کے انتظامات بھی کیے۔
دوسری جانب لبرل ڈیموکریٹس نے پارلیمانی معیار کے کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں۔
ریفارم یو کے نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نائجل فراج نے کسی بھی پارلیمانی ضابطے کی خلاف ورزی نہیں کی کیونکہ مذکورہ سہولیات ان کی پارلیمنٹ میں انتخاب سے قبل ذاتی حیثیت میں فراہم کی گئی تھیں۔