پشاور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان نے پولینڈ میں جاری ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں امریکہ کو دو صفر سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، فائنل جمعرات کو کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کا مقابلہ مصر سے ہوگا۔ٹیم منیجر اور سابق عالمی چیمپئن قمر زمان کے مطابق پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے عباس شوکت نے امریکہ کے سموئیل شرل کو 10-12، 11-4، 11-4اور 11-4 سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں اسرار احمد نے امریکہ ہی کے اینڈریو ڈگلس کو 11-9، 11-9 اور 11-9 سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ قمر زمان نے کہا ہے کہ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ مصر کے مضبوط کھلاڑیوں سے ہوگا تاہم پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، محنت کر رہے ہیں توقع ہے کہ وہ عالمی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔