بھارتی شہر بنگلورو کی پولیس نے 11 ماہ کی بچی کے قتل کے الزام میں اس کے والد شیکاپا اور والدہ لکشمی کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 11 ماہ کی بچی کے قاتل والدین نے ابتداء میں پولیس کو بتایا تھا کہ ماں دودھ پلاتے ہوئے سو گئی تھی اور اسی دوران ان کی بچی بستر سے گر کر ہلاک ہو گئی، اس پر پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ درج کیا تھا۔
یہ واقعہ 9 جون کو پیش آیا تھا، والد بچی کو اسپتال لے گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 22 جون کو موصول ہونے والی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ بچی کی موت متعدد اندرونی چوٹوں، شدید اندرونی خون بہنے اور سانس کی پیچیدگیوں کے باعث ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بچی کے چہرے، سینے، ٹانگوں اور جسم کے حساس حصوں پر بھی زخم موجود تھے۔
تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ بستر کی اونچائی صرف 2 فٹ تھی اس لیے اس سے گرنے سے ایسی جان لیوا چوٹیں آنا ممکن نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ دوپہر کے وقت میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔
اسی دوران بچی کے رونے پر ماں نے اسے لات ماری، جبکہ غصے میں والد نے بچی کو اٹھا کر زور سے زمین پر پھینک دیا جس سے اسے مہلک اندرونی چوٹیں آئیں۔
پولیس نے بتایا کہ گواہوں نے میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑوں کی تصدیق کی ہے، بعض گواہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ماں کے پڑوسی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے اور وہ بچی سے محبت اور انسیت نہیں رکھتی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔