• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روی موہن نے فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ واپس لے لیا

تامل اداکار روی موہن نے فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے دوبارہ اداکاری جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ طلاق کا معاملہ حتمی طور پر حل ہونے تک فلموں سے دور رہیں گے۔ 

ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے اعتراف کیا کہ انہوں نے وہ فیصلہ جذبات میں بہہ کر کیا تھا، انہوں نے اپنے مداحوں سمیت فلمی برادری سے معذرت بھی کی۔ 

اپنی اہلیہ آرتی روی سے علیحدگی اور اس کے بعد گلوکارہ وہیلر کینیشا فرانسس کے ساتھ بریک اپ کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے روی موہن نے یہ بھی کہا کہ وہ اب خود کو سنیما سے دور نہیں رکھیں گے۔

ایوارڈز کی تقریب کے دوران روی موہن نے کہا کہ انہوں نے اپنی آدھی زندگی سنیما کو دی ہے اور اپنے پچھلے اعلان سے مداحوں کا دل دکھانے پر انہیں افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس سال 46 برس کا ہو رہا ہوں۔ اگر اس کا آدھا کریں تو 23 سال بنتے ہیں، یعنی میری آدھی زندگی سنیما میں گزری ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ میری ایک چھوٹی سی غلطی نے آپ سب کو اتنا دکھ پہنچایا۔ 

ادکار نے واضح کیا کہ انڈسٹری کے لوگوں کی طرف سے ملنے والی حمایت کے بعد انہوں نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی۔

بڑے پردے پر واپسی کا وعدہ کرتے ہوئے روی نے مزید کہا کہ میں اپنے مداحوں کو مزید دھوکہ نہیں دوں گا، میں یقیناً واپس آؤں گا۔

مئی میں ہونے والی اپنی جذباتی پریس کانفرنس کو یاد کرتے ہوئے روی موہن نے کہا کہ انہیں اس پر ملنے والے ردعمل سے حوصلہ ملا، خاص طور پر ان لوگوں سے جو ان کی مشکلات کو سمجھ سکتے تھے۔

روی موہن کا یہ بیان اس پریس کانفرنس کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے جس میں وہ بات کرتے ہوئے رو پڑے تھے اور اعلان کیا تھا کہ وہ طلاق کی کارروائی مکمل ہونے تک اداکاری سے دور رہیں گے۔

اس وقت اداکار اپنے دو بیٹوں کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے تھے اور انہوں نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ بچوں کے لیے ان کی محبت پر سوال نہ اٹھائیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید