کراچی کی چلچلاتی دھوپ میں شہر کے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے کچھ نوجوان کٹی پہاڑی پر جمع ہوئے اور اسے خوبصورت بنانے کے ارادے سے اپنے ساتھ لائے ہوئے دیسی کیکر کے بیج پوری پہاڑی پر جگہ جگہ بکھیر دیے، تاکہ شہر کے ماحول کو بہتر اور اس پہاڑی کو سر سبز و شاداب بنایا جا سکے۔
سماجی ورکر شہروز سراج اکثر شہر کے مختلف علاقوں میں اپنی مدد آپ کے تحت درخت اور پودے لگاتے اور ان کی حفاظت میں مصروف نظر آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ روز کٹی پہاڑی سے گزرتے ہوئے مجھے خیال آتا تھا کہ کاش اس پہاڑی پر بھی خوبصورت پودے اور درخت اگے ہوئے ہوں جو یہاں سے گزرنے والوں کو راحت بخشیں، بس اسی سوچ کے ساتھ میں نے یہاں پر کیکر کے پودے لگانے کا فیصلہ کیا اور اپنے ارادے سے متعلق دوستوں کو آگاہ کیا جسے سن کر وہ بھی بہت خوش ہوئے، اور اس عظیم کام کیلئے فوراً تیار ہوگئے۔
اتوار 5 جولائی کو شہروز سراج ہلال احمر سندھ کی ٹیم اور اپنے کچھ ساتھیوں کے ہمراہ کٹی پہاڑی پر پہنچے اور انہوں نے کروڑوں کی تعداد میں کیکر کے بیج پہاڑ کے مختلف حصوں پر بکھیرنا شروع کردیے، ان کی اس کوشش کو دیکھتے ہوئے اہل محلہ بھی وہاں جمع ہوگئے اور علاقے کے معززین و بچوں نے بھی اس نیک کام میں نہ صرف ان کا ساتھ دیا بلکہ اپنی جانب سے مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
شہروز سراج کا کہنا تھا کہ مون سون کی آمد سے قبل ہم نے کروڑوں بیج پہاڑ پر بکھیر دیے ہیں، بارش برستے ہی یہ بیج بہت جلد پودوں کی شکل میں یہاں نظر آئیں گے اور آئندہ برسوں میں جب یہاں پر کیکر کے درخت کھڑے نظر آئیں گے تو لو گ یہاں پر سیر و تفریح کیلئے بھی آسکیں گے۔
جس سے مقامی لوگوں کو روزگار حاصل کرنے کا موقع بھی میسر آئے گا، کیونکہ کیکر تیزی سے بڑھتا ہے اور اس کی لکڑی بہت مضبوط ہوتی ہے، اس کے تنے کا رنگ سیاہی مائل گہرا بھورا ہوتا ہے۔