مانگی ڈیم حملے میں شہید 4 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی، 3 شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ہرنائی، ایک کی زیارت میں ادا کی گئی۔
3 شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ہرنائی کے سنجاوی گراؤنڈ جبکہ ایک شہید کانسٹیبل اختر محمد کی نماز جنازہ زیارت میں ادا کی گئی۔
پولیس اہلکاروں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا، بلوچستان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔
زیارت میں دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق 21 اہلکاروں کی میتیں گزشتہ رات کوئٹہ کے سول اسپتال لائی گئی تھیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ضروری کارروائی کے بعد پولیس اہلکاروں کی میتیں ورثاء کےحوالے کردی گئی تھیں، پولیس اہلکاروں کی لاشیں گزشتہ روز زیارت کے علاقے مانگی کے قریب سے ملی تھیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، سر، سینے اور پاؤں میں گولیوں کے نشانات تھے۔
دوسری جانب جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین نے 8 میتوں کے ہمراہ کوئلہ پھاٹک کے قریب دھرنا دے دیا۔