• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشی خان کا پاکستانی ڈراموں میں بولڈ مناظر کے بڑھتے رجحان پر اظہارِ تشویش

تصاویر بشکریہ
تصاویر بشکریہ 

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ و میزبان مشی خان نے پاکستانی ڈراموں میں بولڈ مناظر کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کر دیا۔

مشی خان سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور قومی، بین الاقوامی اور سماجی معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرتی رہتی ہیں، جبکہ پاکستانی شوبز انڈسٹری سے متعلق موضوعات پر بھی اکثر کھل کر بات کرتی ہیں۔

حال ہی میں مشی خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے پاکستانی ڈراموں میں بولڈ مناظر شامل کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔


اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا فلموں، ڈراموں، اسٹیج شوز اور سوشل میڈیا کے نام پر بے حیائی میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے، یہاں تک کہ بھارتی فلمیں اور گانے بھی بہت زیادہ غیر مناسب ہو چکے ہیں، میں اس بڑھتی ہوئی بے حیائی پر حیران ہوں اور یہ صرف بھارت تک محدود نہیں، ہمارے ڈرامے بھی اسی سمت جا رہے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ہمارے ڈراموں میں گلے ملنے کے مناظر کو عام کرنا شروع کر دیا ہے اور جلد ہی ممکن ہے کہ بیڈروم سینز اور بوس و کنار جیسے مناظر بھی دکھائے جانے لگیں لیکن کوئی اس پر بات نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ ڈرامے گھروں میں خاندان اور بچوں کے ساتھ دیکھے جاتے ہیں، جبکہ فلمیں ہمیشہ اتنی آسانی سے دستیاب نہیں ہوتیں، ہمارے ڈرامے غیر مناسب مواد کی طرف بڑھ رہے ہیں، تقریباً ہر ڈرامے میں شادی شدہ جوڑوں کو گلے ملتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، اب آپ مزید کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں؟

مشی خان کے مؤقف سے متعدد صارفین نے اتفاق کیا ہے اور پاکستانی ڈراموں میں غیر مناسب مناظر کے بتدریج معمول بننے کے معاملے پر آواز اٹھانے پر ان کی تعریف کی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید