• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ نے اپنے دہلی والے گھر کی باقی منزلیں بھی 37 کروڑ میں خرید لیں

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے دہلی کے اس گھر کی باقی تمام منزلیں 37 کروڑ روپے میں خرید لی ہیں، جہاں انھوں نے گوری خان سے شادی کے بعد زندگی شروع کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ دہلی سے جڑی زندگی کی کہانی ایک نہایت ذاتی اور جذباتی انداز میں اب مکمل ہو گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق کنگ خان نے جنوبی دہلی میں واقع اُس گھر میں گوری کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ اس خریداری کے بعد اب وہ اس پوری جائیداد کے واحد مالک بن گئے ہیں۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق، شاہ رخ خان پنچ شیل پارک میں واقع اس رہائشی عمارت کے تہہ خانے اور پہلی منزل کے مالک تھے۔

اب انہوں نے تقریباً 37 کروڑ روپے میں دوسری اور تیسری منزل بھی خرید لی ہے۔ یہ گھر صرف ایک قیمتی جائیداد نہیں بلکہ شاہ رخ خان اور گوری خان کی محبت کی کہانی سے جڑی ابتدائی اور یادگار رہائش گاہوں میں بھی شمار ہوتا ہے۔

اسکا شمار جنوبی دہلی کے معروف اور پرتعیش رہائشی علاقوں میں ہوتا ہے۔ یہ گھر 1,200 مربع گز کے پلاٹ پر تعمیر کیا گیا ہے، جو تقریباً 10,800 مربع فٹ رقبے پر محیط ہے۔ یہاں زمین کی قیمت تقریباً 34,260 روپے فی مربع فٹ بتائی گئی ہے۔ زیادہ تر لوگوں کے لیے یہی اعداد و شمار اس سودے کی اہمیت بیان کرتے ہیں، لیکن شاہ رخ اور گوری کے لیے اس گھر کی جذباتی اہمیت اس کی مالی قیمت سے کہیں زیادہ ہے۔

یہ وہ گھر ہےجہاں 25 اکتوبر 1991 کوشادی کے بعد یہ دونوں مقیم رہے، بعد ازاں شاہ رخ ممبئی منتقل ہوئے اور اپنے اس سفر کا آغاز کیا جس نے بالآخر انہیں بھارتی سنیما کا سب سے بڑا اسٹار بنا دیا۔

گوری خان اس سے قبل ایک انٹرویو میں بتا چکی ہیں کہ دہلی والا گھر ان کے لیے کیوں بے حد خاص ہے۔ ان کی خواہش تھی کہ اپنی والدہ کے گھر کے قریب ایک ایسا گھر بنائیں جہاں خاندان کی برسوں پرانی یادیں ایک ہی چھت تلے محفوظ رہ سکیں۔

انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ اس گھر میں ایک دیوار پر آریان، سہانا اور ابرام کے بچپن کی یادگار اشیا سجی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید