بالی ووڈ اداکار گووندا تقریباً 7 سال بعد فلم ’’روپا‘‘ کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔
تجربہ کار اداکار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس فلم کا اعلان کیا، جہاں انہوں نے نئی آنے والی اداکارہ رانی سوارنکار کو بھی متعارف کروایا، جو ان کے مدمقابل نظر آئیں گی۔
مرکزی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ گووندا اس فلم کو پروڈیوس بھی کر رہے ہیں۔
ایک طویل عرصے بعد سنیما میں واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے گووندا نے کہا کہ شاید یہ قسمت ہی تھی کہ مجھے اتنی بار نظر انداز کیا گیا۔ لوگ کہتے رہے، اب وہ فلموں میں نظر نہیں آئے گا لیکن میں نے ہمیشہ ایک نئی شروعات کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ یہ فلم وہ کامیابی حاصل کرے جس کا میں نے تصور کیا ہے کچھ ایسا جس کا لوگ اندازہ بھی نہ لگا سکیں اور اپنا جادو دکھائے۔
گووندا نے کہا کہ روپا کا مقصد نوجوان ناظرین کو ترغیب دینا ہے۔ یہ فلم خاص طور پر نوجوانوں کے لیے ہے۔ جب وہ اسے تھیٹرز میں دیکھیں گے تو مجھے امید ہے کہ یہ انہیں خواب دیکھنے اور یہ یقین کرنے کی ترغیب دے گی کہ وہ خواب سچ ہو سکتے ہیں۔
علمِ نجوم اور علم الاعداد پر اپنے عقیدے کے لیے مشہور، گووندا نے اپنی زندگی میں نمبر 14 کی اہمیت کے بارے میں بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ نمبر 14 ہمیشہ سے میرا خوش قسمت نمبر رہا ہے۔ میں علمِ اعداد پر یقین رکھتا ہوں، اور میرا نام بھی اسی پر مبنی ہے۔ میں نے اس پر تب یقین کرنا شروع کیا تھا جب میں صرف 14 سال کا تھا۔ میں نے ایک ہی ہفتے میں 14 فلمیں سائن کیں اور اس کے نتیجے میں مجھے 14 سال کی سپر اسٹارڈم ملی۔
بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ میں 14ویں لوک سبھا میں پارلیمنٹ کا ممبر بنا۔ اس کے بعد فلموں میں واپسی سے پہلے مجھے 14 سال کی جدوجہد سے گزرنا پڑی۔