ایران کے وزیرِ تیل محسن پاک نژاد نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے 60 روزہ پابندیوں میں نرمی ختم کرنے کے فیصلے کے باوجود ایران کی تیل کی برآمدات بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں گی۔
محسن پاک نژاد نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارتِ تیل نے امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے گزشتہ کئی برسوں کے دوران وضع کردہ طریقہ کار کو برقرار رکھا اور عارضی استثنیٰ ملنے کے بعد بھی انہیں فعال رکھا۔
انہوں نے امریکا پر مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 60 روزہ پابندیوں میں نرمی واپس لینے کا فیصلہ معاہدے کی اس شق کی خلاف ورزی ہے جس کے تحت یہ رعایت دی گئی تھی۔
محسن پاک نژاد کا کہنا ہے کہ چونکہ ایران کی تیل برآمدات کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری نظام اور ڈھانچہ محفوظ رکھا گیا ہے، اس لیے ملک کی تیل برآمدات پہلے کی طرح جاری رہیں گی اور ہمیں اس حوالے سے کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہو گا۔