امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کی 82 سالہ خاتون جون ریویٹ اپنے گھر کے غسل خانے میں گرنے کے بعد 9 دن تک باتھ ٹب میں پھنسی رہیں تاہم انہوں نے غیر معمولی حوصلے اور ثابت قدمی سے اپنی جان بچا لی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جون ریویٹ نے بتایا ہے کہ شدید تکلیف کے باوجود میں نے اپنے پاؤں کی مدد سے باتھ ٹب کا نل کھولا اور چہرے پر پانی اچھال کر پیتی رہی جس کی وجہ سے میں زندہ رہ سکی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی دن تک رابطہ نہ ہونے پر ان کے ریاست جارجیا میں رہنے والے بھائی بل لیسکو شدید تشویش میں مبتلا ہو گئے، انہوں نے ایک پڑوسی سے رابطہ کیا جس نے بتایا کہ خاتون کی گاڑی گھر کے باہر موجود ہے، اس کے بعد بل لیسکو نے ہیووڈ کاؤنٹی شیرف دفتر سے فلاحی جانچ کی درخواست کی۔
10 جون کو اہلکار جب گھر پہنچے تو جون ریویٹ کو نیم بے ہوشی کی حالت میں باتھ ٹب میں پایا گیا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق جون ریویٹ پانی کی شدید کمی کا شکار تھیں اور طویل عرصے تک ایک ہی حالت میں رہنے کے باعث ان کے جسم پر زخم بن چکے تھے۔
جون ریویٹ نے اسپتال انتظامیہ کو بتایا کہ مجھے اپنے ریسکیو ہونے کا پتہ تک نہیں چلا۔
اب جون ریویٹ کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، اس واقعے کے بعد انہوں نے اپنے بھائی کے ساتھ رہنے کے لیے جارجیا منتقل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔