• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وینزویلا: ماں کی ناراضی کا سبب بننے والا نوجوان کے بازو پر بنا ٹیٹو ہی لاش کی شناخت بن گیا

فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا 

امریکا سے بے دخل ہوتے ہی وینزویلا پہنچنے والا نوجوان زلزلے میں ہلاک ہوگیا، جس کی لاش کی شناخت اس کے بازو پر بنے ٹیٹو سے ہوئی، جسے بنوانے پر والدہ نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

وینزویلا میں گزشتہ ماہ آنے والے تباہ کن دہرے زلزلوں میں ہلاک ہونے والے 28 سالہ ڈینیئل کی لاش کی شناخت بالآخر اس کے بازو پر بنے ٹیٹو سے ممکن ہوئی، جسے بنوانے پر اس کی والدہ اوسواڈیلیز نونیز نے برسوں پہلے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق نونیز نے بتایا کہ ڈینیئل امریکا سے بے دخل کیے جانے کے بعد زلزلے والے ہی دن وینزویلا پہنچا تھا۔ لا گوائرا پہنچنے پر اس نے وینزویلا کی انٹیلی جنس سروس کے ایک اہلکار کے فون سے اپنی والدہ کو اطلاع دی کہ وہ خیریت سے ملک پہنچ گیا ہے۔

ڈینیئل نے بتایا تھا کہ تمام بے دخل کیے گئے افراد نے کھانا کھایا، طبی معائنہ کروایا اور انہیں ایک ہوٹل میں رات گزارنے کے لیے رکھا گیا ہے، جہاں وطن واپسی سے متعلق انتظامی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ اس نے اگلے روز اپنی والدہ سے ملاقات کے لیے تقریباً 7 گھنٹے کا سفر کرنا تھا، مگر یہ ملاقات کبھی نہ ہو سکی۔

آخری فون کال کے تقریباً 40 منٹ بعد شدید زلزلے نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا اور وہ ہوٹل زمین بوس ہو گیا، جس کے ملبے تلے ڈینیئل سمیت متعدد افراد دب گئے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اس کے ساتھ امریکا سے بے دخل کیے گئے تقریباً 12 دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے۔

زلزلے کے بعد ڈینیئل کی والدہ نونیز نے حکام سے رابطہ کیا لیکن کوئی واضح معلومات نہ مل سکیں۔ اس کے بعد وہ اپنے عزیزوں کے ساتھ لا گوائرا پہنچیں اور کئی روز تک اسپتالوں اور مردہ خانوں میں اپنے بیٹے کی تلاش کرتی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم دو، تین گھنٹے سوتے اور پھر تلاش شروع کر دیتے۔ 8، 9 اور 10منزلہ اسپتالوں کی ہر منزل پر جا کر کمروں کی تلاشی لیتے رہے۔

پیر کے روز انہیں یقین ہو گیا کہ ان کا بیٹا ملبے تلے ہی دب کر مر چکا ہے۔ بعد ازاں حکام نے انہیں ایک بندرگاہ پر قائم عارضی مردہ خانے کا بتایا، جہاں ملبے سے نکالی گئی لاشیں رکھی گئی تھیں۔

نونیز نے کہا کہ جب وہ اپنے بیٹے کی لاش لینے پہنچی تو وہاں انتہائی افراتفری کا عالم تھا اور لاشیں فرش پر پڑی ہوئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ چہرہ مکمل طور پر مسخ ہو چکا تھا اور ہڈیاں تک نظر آ رہی تھیں، جس کے باعث شناخت ممکن نہ تھی۔ تاہم ان کے بھتیجے نے ڈینیئل کے بائیں بازو کو صاف کیا تو اس پر بنا ٹیٹو نظر آ گیا۔

نونیز نے کہا کہ جب اس نے یہ ٹیٹو بنوایا تھا تو میری اس سے بہت بحث ہوئی تھی، لیکن آج میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے یہ ٹیٹو بنوایا، کیونکہ اسی کی بدولت میں اپنے بیٹے کی شناخت کر سکی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید