وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے بہت الیکشن دیکھے ہیں، جس پس منظر میں آج الیکشن ہو رہے ہیں پہلے ایسے نہیں ہوئے۔
ایل اے 36 جموں 3 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے کو چیلنج کیا جا رہا ہے، کشمیری مہاجرین کی قدر و قیمت بہت زیادہ ہے۔ قائداعظم نے کہا تھا کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ راولا کوٹ میں تقریریں کرنے والے احسان فراموش ہیں، ہمیں ان جانوں کے نذرانوں سے آزادی ملی، جنہوں نے خون بہایا ہے، یہ الیکشن آزاد کشمیر میں تاریخ رقم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کیا برطانیہ میں بیٹھا ہوا کشمیری ان کشمیریوں کی برابری کر سکتا ہے، یہ الیکشن کشمیر کاز کے ساتھ محبت اور کشمیریوں کی حفاظت کا الیکشن ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 4 سال میں 4 ہزار سے زائد قربانیاں دینے والی فوج کو گالی دی جاتی ہے، پاکستان کا نام ایران اور امریکا کی جنگ میں ہر تھوڑی دیر بعد ٹی وی پر نظر آتا ہے، فیلڈ مارشل کا رشتہ وطن سے محبت ہے، شہداء اور غازیوں کو سلام ہے جنہوں نے وطن کی عزت رکھی۔