بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار فاران طاہر نے اپنی والدہ، معروف براڈکاسٹر، اداکارہ اور مصنفہ یاسمین طاہر کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں جذباتی انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
والدہ کی پہلی برسی کے موقع پر فاران طاہر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام تحریر کیا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ آج بھی یہ حقیقت عجیب محسوس ہوتی ہے کہ میری والدہ اب صرف ایک فون کال کی دوری پر نہیں رہیں، دنیا انہیں یاسمین طاہر کے نام سے جانتی تھی، ایک باصلاحیت اداکارہ، ریڈیو پاکستان کی منفرد آواز، مصنفہ، میزبان اور ستارۂ امتیاز سے نوازی جانے والی شخصیت، مگر میرے لیے وہ صرف میری امی تھیں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ امی نے مجھے سکھایا کہ مہربانی کمزوری نہیں ہوتی، عزتِ نفس وہ خوبی ہے جو انسان ہر حال میں اپنے ساتھ رکھتا ہے اور زندگی میں انسان کے چھوڑے ہوئے کاموں سے زیادہ اہم وہ لوگ ہوتے ہیں جن کی زندگیوں کو وہ بہتر بنا جاتا ہے۔
اداکار نے خاموشی سے مضبوطی، دیانت داری اور فراخ دلی کے ساتھ زندگی گزاری اور ان کی یہی خوبیاں انہیں جاننے والے ہر شخص پر گہرا اثر چھوڑ گئیں۔
فاران طاہر نے کہا ہے کہ بطور فنکار اور بطور انسان ان کی شخصیت کی بنیاد ان کی والدہ ہی نے رکھی۔
انہوں نے لکھا ہے کہ ایسا کوئی دن نہیں گزرتا جب مجھے ان کی کوئی نصیحت، کوئی یاد یا ان کی آواز دل میں سنائی نہ دے، ہم انہیں بے حد یاد کرتے ہیں، لیکن اس بات پر ہمیشہ شکر گزار رہیں گے کہ وہ ہماری زندگی کا حصہ رہیں، میری درخواست ہے کہ آپ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور اسی محبت کے ساتھ یاد کریں جو وہ ہمیشہ دوسروں میں بانٹتی رہیں۔
اداکار کی اس پوسٹ پر شوبز شخصیات، مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے تعزیتی پیغامات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ فاران طاہر نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ہالی ووڈ سے کیا اور عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی۔
گزشتہ 2 برس سے وہ پاکستان میں مقیم ہیں اور پاکستانی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
وہ سینئر اداکار نعیم طاہر اور لیجنڈری براڈکاسٹر یاسمین طاہر کے صاحبزادے جبکہ معروف اداکار علی طاہر کے بھائی ہیں۔
اداکار 2 سال قبل اپنی علیل والدہ کی دیکھ بھال کے لیے پاکستان منتقل ہوئے تھے، یاسمین طاہر 19 جولائی 2025ء کو لاہور میں 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔