• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اچھے اسکرپٹس مجھ تک پہنچتے ہی نہیں، اسی لیے میں زیادہ نظر نہیں آتی: حنا دل پذیر

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

پاکستان کی معروف اور سینئر اداکارہ حنا دل پذیر نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے ٹی وی اسکرین پر کم نظر آنے کی وجہ معیاری اسکرپٹس کی کمی اور اپنے فن پر سمجھوتہ نہ کرنا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے حنا دل پذیر نے کہا کہ میں زیادہ منصوبوں میں کام کرنے کے بجائے معیاری کرداروں کو ترجیح دیتی ہوں اور صرف تعداد بڑھانے کے لیے ایسے کردار قبول نہیں کرنا چاہتی جو میرے تخلیقی معیار کے مطابق نہ ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ اچھے اسکرپٹس مجھ تک پہنچتے ہی نہیں اور جو پہنچتے ہیں تو اب میرا سمجھوتہ کرنے کو دل نہیں چاہتا، اسی وجہ سے میں زیادہ نظر نہیں آتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور اداکارہ میں ہر طرح کے کردار نبھانے کے لیے تیار ہوں، چاہے کسی عمر رسیدہ خاتون کا کردار ہو، لڑکے کا روپ دھارنا ہو یا کوئی غیر روایتی کردار، لیکن شرط صرف یہ ہے کہ کردار مضبوط ہو، اس کی اسکرین پر اہمیت ہو اور وہ ناظرین پر اثر چھوڑے۔

حنا دل پذیر کے اس مؤقف کو مداحوں نے سراہتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور ان کے فیصلے کی حمایت کی۔

حنا دل پذیر ڈرامہ بلبلے میں مومو کے یادگار کردار کی بدولت بے حد مقبول ہوئیں، جبکہ قدوسی صاحب کی بیوہ، یہ زندگی ہے اور اینی کی آئے گی بارات سمیت کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری سے وہ پاکستان کی ورسٹائل اداکاراؤں میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید