بالی ووڈ کے سینئر اداکار انو کپور نے شاہ رخ خان کے خود کو فلم انڈسٹری کا آخری سپر اسٹار قرار دینے والے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرت ہمیشہ قائم نہیں رہتی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انو کپور نے شاہ رخ خان کا نام لیے بغیر ان کا موازنہ امیتابھ بچن سے کیا اور کہا کہ کسی اداکار کی مقبولیت کو وقت کے ساتھ برقرار رکھنا سب سے بڑا امتحان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس اداکار کی آپ بات کر رہے ہیں، اس نے 1992ء کے آس پاس اپنے کیریئر کا آغاز کیا، یعنی اسے تقریباً 34 سال ہو چکے ہیں، اگر امیتابھ بچن کے 53 سالہ کیریئر میں سے یہ 34 سال نکال دیے جائیں تو بھی 19 سال باقی رہتے ہیں، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ وہ اداکار مزید 19 سال تک اسی طرح مقبول رہ سکے گا؟ کیا وہ 2045 میں بھی اتنا ہی متعلقہ ہوگا؟ میرے خیال میں ایسا نہیں ہوگا۔
انو کپور کا یہ بیان شاہ رخ خان کے اداکار انوپم کھیر کے شو میں دیے گئے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایسا دوبارہ نہیں ہوگا، میں عاجزی سے کہتا ہوں، لیکن سچ یہ ہے کہ میں آخری سپر اسٹار ہوں۔
دوسری جانب شاہ رخ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم کنگ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 24 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔