پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب سے مداحوں کو دیا گیا مشورہ الٹا پڑگیا، صارفین نے ان کے مشورے کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔
ہانیہ عامر پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے 2016ء میں ریلیز ہونے والی فلم جانان سے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز کیا۔ ان کے نمایاں منصوبوں میں نامعلوم افراد 2، دلربا، تتلی، مجھے جینے دو، میرے ہمسفر، عشقیہ، سنگِ ماہ، وصل، مجھے پیار ہوا تھا اور کبھی میں کبھی تم شامل ہیں۔
ہانیہ عامر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی شوبز شخصیت بھی ہیں، جہاں ان کے فالوورز کی تعداد 20.1 ملین ہے۔
حال ہی میں ہانیہ عامر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں وہ رکشے کی سواری بک کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
ویڈیو میں ان کے دوست انہیں یہ کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ کیا وہ واقعی اتنی بڑی اسٹار ہونے کے باوجود رکشے میں سفر کرنا چاہتی ہیں؟
دوستوں کے خدشات کو نظر انداز کرتے ہوئے ہانیہ عامر نے جواب دیا کہ جو شاخ جھک جاتی ہے، اس پر زیادہ پھل لگتے ہیں۔ اسی طرح جو لوگ عاجزی اور اپنی جڑوں سے جڑے رہتے ہیں، وہ زندگی میں زیادہ کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ تاہم ہانیہ عامر کا یہ پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی صارفین کی تنقید کا باعث بن گیا۔
ہانیہ عامر کے اس پیغام پر جہاں کچھ صارفین نے انہیں سراہا، وہیں کئی افراد نے سوشل میڈیا پر ان کے انداز اور بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
متعدد افراد نے ان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہاوت درست انداز میں بیان نہیں کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ اصل کہاوت یہ ہے کہ پھلوں سے لدی ہوئی شاخ ہی جھکتی ہے، جبکہ خالی شاخ سیدھی کھڑی رہتی ہے۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ وہ نِبّی (کم عمر لڑکیوں جیسے انداز) والی فیلنگ دیتی ہیں۔ ایک تیسرے صارف نے لکھا کہ وہ ہمیشہ نامناسب لباس میں سڑکوں پر نظر آتی ہیں۔