• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نصیر الدین شاہ نے پہلی شادی میں ناکامی پر اپنی کئی غلطیوں کا اعتراف کرلیا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے اعتراف کیا ہے کہ جذباتی ناپختگی اور ازدواجی ذمہ داریوں سے غفلت میری پہلی شادی کی ناکامی کی بڑی وجہ تھی۔

76 سالہ اداکار نے اپنی آٹو بائیوگرافی میں پہلی اہلیہ پروین مراد کے ساتھ تعلقات اور بیٹی کی پیدائش کے بعد پیش آنے والے حالات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔

نصیر الدین شاہ نے لکھا کہ پروین مراد کی حمل کے دوران بدلتی جسمانی اور جذباتی کیفیت کو سمجھنے سے قاصر رہا، جبکہ مجھے یہ بھی اندازہ نہیں تھا کہ اس مرحلے پر بطور شوہر میری کیا ذمہ داریاں تھیں۔

انہوں نے تحریر کیا کہ حمل کے دوران پروین کا مزاج کافی بدل گیا تھا، لیکن میں اسے سمجھنے سے قاصر تھا جو ان کے اندر جنم لے رہا تھا اور مجھے یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ مجھے بطور شوہر کیا کردار ادا کرنا چاہیے، اسی وجہ سے ہمارے درمیان شدید جھگڑے ہوئے۔

اداکار نے مزید اعتراف کیا کہ میں شادی اور والد بننے کی ذمہ داریوں کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں تھا، جس کے باعث میں نے اپنی نومولود بیٹی کو بھی نظر انداز کیا۔

انہوں نے لکھا کہ مجھے محسوس ہونے لگا تھا کہ یہ بچی میرے اور اس عورت کے درمیان آ گئی ہے جس نے مجھے سب سے زیادہ محبت دی تھی، جب بیٹی پیدا ہوئی تو میں نے جس طرح اسے نظر انداز کیا، آج بھی کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود اس پر شرمندگی محسوس کرتا ہوں۔

نصیر الدین شاہ کے مطابق بیٹی کی پیدائش کے بعد پروین مراد کی تمام تر توجہ اس پر مرکوز ہو گئی، جس سے دونوں میاں بیوی کے درمیان فاصلے مزید بڑھتے گئے، جبکہ میں خود اداکاری کے کیریئر میں اس قدر مصروف ہوگیا کہ مجھے اس رشتے کی کمی بھی محسوس نہ ہوئی۔

واضح رہے کہ نصیر الدین شاہ اور پروین مراد کی شادی 1969ء میں ہوئی تھی، تاہم دونوں نے 1982ء میں علیحدگی اختیار کر لی۔

بعد ازاں نصیر الدین شاہ نے اداکارہ رتنا پاٹھک سے شادی کی، جن سے ان کی ملاقات تھیٹر کے دنوں میں ہوئی تھی، دونوں 1975ء سے ایک دوسرے کے قریب آئے اور 1982ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق پروین مراد کے انتقال کے بعد نصیر الدین شاہ اور ان کی بیٹی کے درمیان تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط اور خوشگوار ہو چکے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید