امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران میں پاور پلانٹس اور پُلوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی پر ایران نے خطے کے ممالک میں پُلوں اور بنیادی انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی۔
سینئر ایرانی عہدے دار نے کہا ہے کہ امریکیوں کو حالیہ 10 روزہ جنگ میں یہ سمجھ جانا چاہیے کہ ایران جہاں چاہے حملہ کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اگر ٹرمپ نے کوئی چال چلنے کی کوشش کی تو جواب میں انہیں ہزیمت ہی ملے گی۔
اس سے پہلے امریکی صدر ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر اب ایران نے آبنائے ہُرمُز میں کسی بحری جہاز کو نشانہ بنایا تو ہر حملے کے جواب میں امریکی فوج ایران کے اندر کسی نہ کسی پُل یا کسی نہ کسی بجلی گھر کو تباہ کردے گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کل بھی ایران کو ایک دھمکی دی تھی۔ انہوں نے نطنز کے قریب ’کوہ کولانگ‘ میں ایٹمی سرگرمیوں کے سوال پر کہا تھا کہ امریکا بہت جلد وہاں حملے کرے گا۔
ایٹمی مرکز پر حملے کی دھمکی پر ردعمل میں ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ امریکا ’کوہ کولانگ‘ کی بات کرکے ایران پر نئے حملوں کا جواز تراش رہا ہے۔ حالانکہ وہاں کوئی ایٹمی سرگرمی نہیں ہو رہی۔