ضیاالدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ نے بدھ کو انٹرمیڈیٹ سال دوم (ایچ ایس ایس سی پارٹ-II) کے سالانہ امتحانات 2026 کے مختلف گروپس کے نتائج کا اعلان کردیا۔
ضیاالدین ملک کا پہلا بورڈ ہے جس نے انٹرنیٹ پارٹ ٹو پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، جنرل سائنس، کامرس اور ہیومینٹیز گروپس کے نتائج کا اعلان سب سے پہلے کیا۔
پری میڈیکل گروپ میں دی آئیڈیل ہائر سیکنڈری اسکول کی طالبہ آمنہ وسیم نے 1005 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سبلائم ایجوکیشنل اکیڈمی ہائر سیکنڈری اسکول کی عتیقہ نے 991 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ شاہین پاکستان اسلامک ہائر سیکنڈری اسکول کی اسوہ نے 987 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
پری انجینئرنگ گروپ میں الفیصل ہائر سیکنڈری اسکول کے زین حسن اکبری نے 993 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اقراء فاؤنڈیشن ہائر سیکنڈری اسکول کے قمبر عباس 965 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ انفو انگلش گرامر ہائر سیکنڈری اسکول کی سعدیہ نے 962 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جنرل سائنس گروپ میں اسٹڈی برج سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری اسکول کی سارہ شاہ فہد خان نے 975 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سبلائم ایجوکیشنل اکیڈمی ہائر سیکنڈری اسکول کے محمد اسماعیل نے 968 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ الجادون اسکول اینڈ انٹرمیڈیٹ کالج کی مصباح عابد نے 964 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کامرس گروپ میں اسٹڈی برج سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری اسکول کی کومل یوسف نے 963 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ دی ایجوکیریئر اسکولنگ سسٹم کی ایمان نے 962 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ انعم اقرا پبلک ہائر سیکنڈری اسکول کی قرۃ العین نے 956 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ہیومینٹیز گروپ میں اورینٹل ہائر سیکنڈری اسکول کی نیہا لازر نے 895 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اپیکس ہائر سیکنڈری اسکول کی مناحل ندیم 880 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ سینٹیلیٹ ہائر سیکنڈری اسکول کی علیشبہ نے 878 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پارٹ ٹو سالانہ امتحانات 2026 میں 30 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جبکہ مختلف گروپس میں پری میڈیکل کے امیدواروں نے مجموعی طور پر سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پری میڈیکل گروپ میں 27.47 فیصد طلبہ نے A-1 گریڈ جبکہ 53.11 فیصد نے A گریڈ حاصل کیا۔
اس گروپ میں ناکامی کی شرح 10.49 فیصد رہی۔ پری انجینئرنگ گروپ میں 21.16 فیصد امیدوار A-1 اور 56.83 فیصد A گریڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ 11.24 فیصد طلبہ کامیاب نہ ہو سکے۔
جنرل سائنس گروپ کے نتائج کے مطابق 24.81 فیصد طلبہ نے A-1 اور 56.18 فیصد نے A گریڈ حاصل کیا، جبکہ ناکامی کی شرح 9.33 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو تمام بڑے گروپس میں سب سے کم رہی۔
کامرس گروپ میں 8.74 فیصد امیدواروں نے A-1 اور 54.45 فیصد نے A جبکہ 17.32 فیصد نے B گریڈ حاصل کیا۔ اس میں 18.10 فیصد طلبہ امتحان میں کامیاب نہ ہو سکے۔
ہیومینیٹیز گروپ کے نتائج کے مطابق صرف 0.66 فیصد طلبہ A-1 گریڈ حاصل کر سکے۔ 38.03 فیصد نے A اور 36.30 فیصد نے B گریڈ حاصل کیا جبکہ 19.81 فیصد امیدوار ناکام رہے، جو تمام گروپس میں سب سے زیادہ ناکامی کی شرح ہے۔