پاکستان نے مصر کو دو۔ ایک سے شکست دے کر ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیت لی ۔ پاکستان نے چھٹی مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے ۔
پولینڈ میں ہونیوالی ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں سیکنڈ سیڈ پاکستان نے دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ مصر کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے دو ۔ ایک سے فتح حاصل کی ۔
فائنل کا پہلا میچ پاکستان کے اسرار احمد اور اور مصر کے سعد الدین ابوائش کے درمیان کھیلا گیا جس میں اسرار نے باآسانی گیارہ ۔ نو ، گیارہ ۔ نو اور گیارہ ۔ نو سے فتح حاصل کی ۔
دوسرے میچ میں پاکستان کے احسن ایاز سنسنی خیز مقابلے کے بعد مصر کے یوسف ابراہیم کے خلاف ہمت ہار گئے تاہم فیصلہ کن میچ میں عباس شوکت نے مارون طارق کو باآسانی شکست دے کر پاکستان کو تاریخی کامیابی دلادی۔
پاکستان نے چھٹی مرتبہ ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے ۔ پاکستان آخری مرتبہ دو ہزار آٹھ میں یہ اعزاز جیتا تھا جس کے بعد تین مسلسل فائنلز میں اسے مصر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔