• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید شیخ نے شاہ رخ خان کیساتھ صرف 1روپے معاوضے پر کام کرنے کی وجہ بتا دی

— فائل فوٹوز
— فائل فوٹوز

پاکستان کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے 2007ء کی سُپر ہٹ بالی ووڈ فلم اوم شانتی اوم میں شاہ رخ خان کے ساتھ صرف ایک روپے معاوضے پر کام کرنے کی پیشکش قبول کی تھی۔

اداکار نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو انتہائی شاندار قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی مہمان نوازی، انکساری اور فراخ دلی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

جاوید شیخ نے بتایا کہ شاہ رخ خان کی عاجزی اور خوش اخلاقی نے مجھ پر گہرا اثر چھوڑا اور فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے رویے نے مجھے ہمیشہ کے لیے متاثر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی ہدایت کار فرح خان نے ذاتی طور پر مجھے شاہ رخ خان کے والد کے کردار کی پیشکش کی تھی، مگر جب بعدازاں پروڈکشن ٹیم نے معاہدے کے لیے مجھ سے رابطہ کیا تو میں نے فلم کے لیے معاوضہ لینے سے انکار کر دیا۔

جاوید شیخ کے مطابق میں نے پروڈکشن ٹیم سے کہا کہ بالی ووڈ کی اتنی بڑی فلم میں اہم کردار کے لیے منتخب ہونا ہی میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نوعیت کی فلم میں پاکستان کی نمائندگی کرنا مالی معاوضے سے کہیں زیادہ اہم تھا۔

اداکار نے مزید بتایا کہ جب پروڈکشن منیجر نے اصرار کیا کہ ایک پیشہ ور فنکار بغیر معاوضے کے کام نہیں کر سکتا، تو میں نے کہا کہ میں صرف 1 روپیہ بطور معاوضہ قبول کروں گا، میرے اس غیر متوقع جواب پر فرح خان اور شاہ رخ خان بھی حیران رہ گئے۔

جاوید شیخ کے مطابق فلم سازوں نے میرے جذبے اور خلوص کو سراہا، تاہم مجھے محض علامتی معاوضے پر کام کرنے کی اجازت نہیں دی، اس کے بجائے مجھے ایسا معاوضہ دیا گیا جو میری توقعات سے بھی زیادہ تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید