• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہد آفریدی کی مداح کو دھکا دینے کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا پر تنقید

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے۔

 اس بار ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ہجوم کے درمیان سے گزرتے ہوئے ایک مداح کو اپنے قریب آنے پر پیچھے دھکا دیتے دکھائی دیے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد آفریدی سیکیورٹی کے حصار میں آگے بڑھ رہے تھے کہ اسی دوران ایک نوجوان مداح نے ان کے قریب آنے کی کوشش کی،  جس پر آفریدی نے اسے ہاتھ سے پیچھے دھکیل دیا۔

 ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔

کئی صارفین نے شاہد آفریدی کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مداح کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔

بعض افراد نے شاہد آفریدی سے معذرت کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے، دیگر صارفین نے بھی اس واقعے پر تنقیدی تبصرے کیے ہیں۔

دوسری جانب بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو پورا منظر پیش نہیں کرتی، اس لیے مکمل حقائق سامنے آنے سے پہلے کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا مناسب نہیں ہو گا۔

شاہد آفریدی کی جانب سے اس وائرل ویڈیو یا اس پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید