بھارتی ریاست اتر پردیش میں نشے کے عادی شوہر نے اپنی 8 ماہ کی حاملہ بیوی کو 5 اور 2 سال کے بچوں کے سامنے درانتی سے وار کر کے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم شراب نوشی اور جوئے کا عادی تھا اور اپنی لت پوری کرنے کے لیے اپنی بیشتر زرعی زمین بھی فروخت کر چکا تھا۔
گزشتہ ہفتے کی رات ملزم شدید نشے کی حالت میں گھر پہنچا تو اس کی بیوی منیشا نے اسے مزید شراب پینے سے روکنے کی کوشش کی جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔
مشتعل شوہر نے درانتی اٹھائی اور بیوی کو سر، جسم اور ہاتھوں پر پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔
واردات کے بعد ملزم نے خود پولیس کو اطلاع دے کر گمراہ کرنے کی کوشش کی تاہم 5 سالہ بیٹے نے پولیس کو اپنی آنکھوں دیکھی پوری واردات بتا دی جس کے بعد پولیس نے تفتیش کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ کے بھائی نے الزام لگایا ہے کہ میرا بہنوئی معمولی باتوں پر بھی میری بہن منیشا کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا اور کئی بار گھر سے نکال چکا تھا تاہم بہن اپنے بچوں کی خاطر واپس چلی جاتی تھی۔
مقتولہ کے بھائی کا ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ میری بہن کی شادی 2021ء میں ہوئی تھی اور وہ 2 کم سن بچوں کی ماں تھی جبکہ تیسرا بچہ دنیا میں آنے والا تھا، ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
ملزم کے والد نے بھی اپنے بیٹے کے جرم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے سنگین جرم کیا ہے اور اسے سخت ترین سزا ملنی چاہیے، چاہے سزائے موت ہی کیوں نہ ہو۔